اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے جمعرات کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ای کچہری کا انعقاد کیا۔ روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کےآفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے مستحق افراد سے براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ ایک گھنٹے کے لائیوسیشن کے دوران ملک بھر سے 33 افراد نے کالز کیں۔ای کچہری سیشن میں کالرز نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنے اندراج، اہلیت ،بینظیر کفالت، تعلیمی وظائف و نشوونما پروگرام میں اپنے وظائف کی حصولی سے متعلق
سوالات کئے جن کے جوابات انہیں لائیو سیشن کے دوران ہی دیئےگئے اور کچھ مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے کالز کرنے والوں کو ہدایت کی کہ ای کچہری سیشن میں کال کرتے وقت اپنا شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر اپنے پاس رکھیں تاکہ وقت کا ضیاع نہ ہو اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کالز کرنے کا موقع مل سکے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائنامک سروے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ 8171 بینطیر انکم سپورٹ پروگرام کا سرکاری نمبر ہے جس سے مستحق خواتین کو ادائیگی کی وصولی کا پیغام آتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر پر اعتماد نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 8171 سے ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر ہی کیمپ سائٹ پر جاکر اپنی امدادی رقم وصول کریں ۔ میسج کے بغیر کیمپ سائٹ پر ہرگز نہ جائیں تاکہ آپ کو تکلیف نہ ہو اور وہاں ہجوم نہ بنے۔ روبینہ خالد نے کہا کہ اپنا قومی شناختی کارڈ غیر ضروری طور پر کسی کو نہ دیں تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہو، مستحق خواتین کوباعزت اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔