اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) مہر صاحبزاد خان نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں جولائی سے ستمبر تک معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں ، مسلسل بارشوں سے دریائوں میں پانی کی سطح بڑھنے کے باوجود کوئی تشویشناک صورتحال نہیں ہے،محکمہ موسمیات بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر ملک بھر میں قائم اپنی رصد گاہوں کے ذریعے چوبیس گھنٹے کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو معلومات فراہم کر رہا ہےجمعرات کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہر صاحبزاد خان نے کہاکہ ملک میں جاری مون سون سیزن کے دوران معمول سے 08 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے جو ستمبر کے وسط تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات اپنی 116 آبزرویٹریوں کے ذریعے موسم کی صورتحال کا فوری جائزہ لے رہا ہے تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے کسی بھی غیر معمولی موسم کے بارے میں آگاہ رکھا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں 59 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے تاہم دیگر صوبوں میں کم بارش ہوئی ہے ، خیبرپختونخوا میں ایک فیصد، آزاد جموں و کشمیر میں 18 فیصد، بلوچستان میں 28 فیصد،سندھ میں 62 فیصد اور گلگت بلتستان میں 63 فیصد کم بارشیں ریکاڈ کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے۔صاحبزاد خان نے کہا کہ اگرچہ مسلسل بارشوں سے دریائوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے لیکن ابھی تک ایسی کوئی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔ پی ایم ڈی تمام سٹیک ہولڈرز کو موسم کی جامع ایڈوائزری بھی جاری کر رہا ہے تاکہ کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحوں اور کسانوں کے لیے الگ الگ ایڈوائزری جاری کر رہا ہے تاکہ وہ موسم کے بارے میں اچھی طرح آگاہ رہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے فراہم کردہ لائٹننگ ڈیٹیکٹرز کو ملک بھر سے آسمانی بجلی کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے ۔موسم کی پیشن گوئی اور وارننگ جاری کرنے میں پی ایم ڈی کی درستگی اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی جی نے کہا کہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے پی ایم ڈی کی سال 2022 کے سیلاب کی بروقت اور درست پیش گوئی کو تسلیم کیا۔موسمی صورتحال کے بارے میں ڈی جی نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص شمال مشرقی پنجاب اور زیریں سندھ میں معمول سے زیادہ بارشوں کا رجحان متوقع ہے۔ اس مہینے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً نارمل رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ جولائی سے ستمبر تک ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں اور بالائی پنجاب اور زیریں سندھ سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔ شمالی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تقریباً معمول کی بارش ہو سکتی ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی معمول سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔