اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے غزہ کے چار سکولوں پر اسرائیلی قابض افواج کے اندھا دھند حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کا ایک اور ثبوت ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں وہاں پناہ لینے والی درجنوں خواتین اور بچوں کا قتل عام ہوا۔ترجمان نے کہا کہ شہری آبادیوں اور سہولیات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔اپنے تازہ ترین اقدامات سے اسرائیلی قابض افواج نے ایک بار پھر بین الاقوامی قانون اور شائستگی کے بنیادی اصولوں اور قابل قبول بین الاقوامی طرز عمل کی توہین کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی ان صریح خلاف ورزیوں کو نیا معمول بننے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کی دہشت گردی اور فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل کو اس کے جرائم اور بین الاقوامی انسانی اور انسانی حقوق کے قانون کی صریح خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔