لاہور: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بدھ کے روز برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربر کی ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات ہو ئی،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال بھی اس موقع پر موجود تھے ،میٹنگ میں فائیوکی ایریا،تعلیم ، صحت، ایئر کوالٹی ،سالڈویسٹ منیجمنٹ اور ریونیو موبلائزیشن پر تبادلہ خیال اور نئی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ کے لیے انتظامی ولاجسٹک اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر عصری تعلیم کی فراہمی کیلئے اساتذہ کی ٹریننگ اور کلاس رومز میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز پیش کی گئیں،سر مائیکل باربر نے تعلیمی اصلاحات کیلئے پنجاب حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا اورکامیاب تعلیمی ماڈلز پر اپنے مشاہدات وتجربات سے آگاہ کیا،وزیر اعلی نے”سی ایم ویژن 2030” پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سر مائیکل باربر جیسے ماہرین کا تعاون ہمارے تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے معاون ہو گا ، پنجاب کے نیو ایجوکیشن سٹرکچرکیلئے ایجوکیشن پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے تعلیمی ایمرجنسی کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت تعلیمی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،طلبہ میں تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور ڈیجیٹل خواندگی کو نصاب میں شامل کیا جائے گا۔