اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):پاکستان کا سب سے بڑا ڈیٹا ہیکاتھون، جاز ڈیجیٹل سکواڈ، اسلام آباد میں ایک شاندار فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر جاز کی زیر قیادت اس اقدام نے یونیورسٹی کے طلباء کو ٹیبلو سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے تخلیقی انداز میں مختلف نوعیت کے ڈیٹا سیٹ پیش کرنے کی دعوت دی۔ یہ تقریب جاز کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن اور ملک کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے عزم سے ہم آہنگ تھی۔جاز کی ٹیم نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کا دورہ کیا، طلباء کو پروگرام کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے انٹرایکٹو سیشنز منعقد کیے اور جدت اور فیصلہ سازی میں ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فائنل میں اپنے آخری ڈیٹا سیٹس پیش کرنے والی سرفہرست پانچ ٹیموں کا تعلق آئی بی اے ، FAST NUCES اور لمز سے تھا۔ نسٹ سے تعلق رکھنے والی ٹیم پہلے نمبر پر، جبکہ فاسٹ اور آئی بی اے کی ٹیمز بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔جاز کے چیف ڈیٹا اینڈ سٹرٹیجی افسر علی نصیر نے کہا کہ جاز ڈیٹا کی افادیت پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا ذخائر میں سے ایک کے محافظ ہونے کے ناطے ہمیں یقین ہے کہ ڈیٹا کی صلاحیت ہمارے معاشرے کو بدل سکتی ہے۔ جاز ڈیجیٹل سکواڈ صرف ایک ہیکاتھون نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے نوجوانوں میں ڈیٹا پر مبنی سوچ کو فروغ دینے کا ایک قدم ہے۔ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کا مستقبل ان ہونہار نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں ان کے
سفر میں ان کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں جدت اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ڈیٹا کا مؤثر استعمال بہت ضروری ہے۔اس موقع پر جاز کی چیف پیپل آفیسر تزین شاہد نے کہا کہ جاز میں ہم ٹیلنٹ کی نشوونما اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔جاز ڈیجیٹل اسکواڈ نہ صرف بہتر ٹیلنٹ کے حصول کی راہ ہموار کرے گا بلکہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے مضبوط روابط کے ذریعے ہمارے ریکروٹمنٹ کے عمل کو بھی مستحکم کریگا۔ یہ اقدام ہمیں ملک بھر میں ہونہار نوجوانوں کی شناخت اور ان سے رابطہ کرنے کی اجازت دیتا ہے، اور جدت اور مسلسل سیکھنے کے کلچر کو فروغ دیتا ہے۔جاز ڈیجیٹل سکواڈ کو 500 سے زائدٹیموں اور 1,400 سے زائد طلباء کا زبردست ردعمل ملا، جن میں 32فیصد خواتین شامل تھیں۔ ٹیموں کو ڈیش بورڈز اور تجزیوں کے لیے ڈیٹا سیٹ فراہم کئے گئے تھے جن کی پریذنٹیشن، فعالیت، ڈیٹا سورس، ڈاکومنٹیشن، سٹوری ٹیلنگ، ڈیٹا انالیسس، اور تصور پر جاز کے ماہرین نے جائزہ لیااس کے بعد پانچ سر فہرست ٹیموں کو جاز کی قیادت اور جیوری کے سامنے پیش کرنے کے لئے منتخب کیا گیا۔ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات، جاز کے سمر انٹرن شپ اور ایسوسی ایٹ پروگرامز کے ذریعے اہم پروجیکٹس پر کام کرنے کے مواقع ملیں گے۔پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر کے طور پر جاز نے ملک میں ڈیجیٹل ترقی، خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کی ڈیجیٹل تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ قابل ذکر اقدامات میں یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر WISE بوٹ کیمپ جو خواتین کو سماجی کاروبار میں بااختیار بناتا ہے، 250,000 سے زیادہ طلباء کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کے لیے TCF کے ساتھ شراکت داری، اور اسکول کے بچوں کو آن لائن حفاظت اور کوڈنگ کی تربیت دینے کے لیے گوگل کا ڈیجیٹل سفر پروگرام شامل ہیں۔ مزید برآں، جاز نے پاکستان کی پہلی 5G انوویشن لیب قائم کی اور ملک کی اہم 5G ہیکاتھون کا انعقاد کیا۔