اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے پروگرام سے مستفید ہونے والی مستحق خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) خیبر پختونخوا خواتین ونگ کے ایک وفد کے ساتھ منگل کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقات کے دوران
سینیٹرروبینہ خالد نے مستحقین کے تحفظات کو دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وفد میں جنرل سیکرٹری شازیہ طہماس خان، انفارمیشن سیکرٹری مہر سلطانہ اور نائب صدر اشبر جدون شامل تھیں۔ وفد نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو خیبرپختونخوا میں مستحق خواتین کو درپیش مسائل بالخصوص خواتین کی پروگرام میں رجسٹریشن اور ادائیگی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے وفد کو ان مسائل کے حل میں اپنے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی ۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے سینیٹر روبینہ خالد کو کوہستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔