اسلام آباد۔:: (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 6 سے 9 جولائی تک کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسیسمنٹ کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی اجلاسوں اور تقریبات کے سلسلے میں شرکت کی۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وزارت تعلیم پاکستان اور کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسیسمنٹ، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور باہمی چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے تعلیم علی رضا سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام اور پیرا کی چیئرپرسن سیدہ ضیاء بتول کے ہمراہ بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں تعلیم کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی لانے کیلئے بات چیت میں
مصروف تھے۔ کیمبرج سکولز کانفرنس میں اپنی تقریر کے دوران وفاقی وزیر تعلیم نے زور دیاکہ برطانیہ کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات تاریخی طور پر دور رس تعلیمی تعاون کے ساتھ مضبوط رہے ہیں ، یہ تعاون کانفرنس کے موضوع کی روشنی میں خاص طور پر اہم ہے، یہ قابلیت سے اعتماد کی طرف مواصلت کی طرف منتقلی کی ہماری مشترکہ کوششوں کو مجسم بناتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہماری تعلیمی اصلاحات تدریسی طریقہ کار کے عالمی ارتقاء اور سیکھنے والوں کی مصروفیت ک ساتھ ہم آہنگ ہوں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے دورے کی اہم جھلکیوں میں پاکستان میں کیمبرج کے تعلیمی اقدامات کا ایک جامع جائزہ، تعاون کے ممکنہ شعبوں پر بات چیت اور کیمبرج اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کو اجاگر کرنے والے آرکائیوز کا خصوصی دورہ شامل تھا۔ وفاقی وزیر نے دورہ کے دوران پاکستان کے تعلیمی شعبے میں درپیش چیلنجز اور ترجیحات پر بات کرتے ہوئے اختراعی حل اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ دورہ میں تین اہم شعبوں اساتذہ کے تربیتی پروگراموں میں اضافہ، نصاب کے معیار کو بہتر بنانا اور ایک جامع نصابی نقطہ نظر کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کے انضمام پر زور دیا گیا۔