اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ حکومت نےپاکستانی عوام کی خوشحالی کے لئے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے آگے آنا چاہیے ،ترقی کے حصول کے لیے اپوزیشن کے ساتھ جامع مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں پہلے ہی مختلف حصوں میں جاری ہیں اور ہماری مسلح افواج کے جوان ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں ،پوری قوم اور اپوزیشن سمیت سیاسی جماعتیں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے لیےآپریشن عزمِ استحکام کی حمایت کریں گی۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے رویہ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی پیشکش کی ہے لیکن اس جماعت کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے سیاسی مسائل کے حل کے لیے کی گئی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔فون کال ٹیپنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے ماضی میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کال ٹیپنگ کو سراہا تھا لیکن اب پی ٹی آئی کے رہنما ٹیپنگ کے معاملے پر تنقید کررہے ہیں۔