اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور پی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون کی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور اس موسمی لہر کے 16 جولائی 2024 تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نظام کے زیر اثر، بالائی کے پی، جی بی، گلیات، مری اور ریاست آزاد جموں و کشمیر میں بارش لینڈ سلائیڈنگ یا مٹی کے تودے گرنے کا باعث بن سکتا ہے۔بلوچستان میں بارش کے باعث مقامی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، پہاڑی طوفان سلیمان اور کیرتھر رینجز میں شروع ہوسکتے ہیں، جنوبی پنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور میں پہاڑی طوفان شروع ہوسکتے ہیں، بارش میونسپلٹیوں/مقامی نالوں اور ندیوں میں فلیش/شہری سیلاب کا خدشہ ہے، ملک کے مختلف حصوں میں آسمانی بجلی گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم ایز اور این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صورت حال پر گہری نظر رکھیں اور خطرے میں پڑنے والی آبادی کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کریں۔نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اضافی احتیاط برتیں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہنگامی تیاری کریں۔ خطرے میں پڑنے والی کمیونٹیز کو مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کے لیے این ڈی ایم اے کی Pak NDMA ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔