اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق نے وزیراعظم کے مشیر برائے امور گلگت و کشمیر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، سیاست داو پر لگا کر ریاست بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے، یقین ہے پنجاب کے عوام ضمنی الیکشن میں اعتماد کا ووٹ دیں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا ضمنی الیکشن میں ن لیگی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے، ہم ضمنی الیکشن کو اکٹھے ہوکر لڑ رہے ہیں، ضمنی الیکشن جیت کر فساد کھڑا کرنے والوں کو جواب دینا ہے، عمران خان جاتے وقت ملکی معیشت میں بم لگا کر گئے، ہم مشکل حالات میں ہیں، ہم ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں، ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ملک ہوگا تو سیاست بھی ہوگی۔ وزیراعظم کے مشیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حمایت پر پیپلزپارٹی قیادت کا شکر گزارہوں، جب اتحادی حکومت آئی ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، دور نحوست سے پاکستانیوں کی جان چھوٹی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سیاست داو¿ پر لگا کر ہم نے مشکل فیصلے کیے، عدم اعتماد کے بعد عام انتخابات میں جانے کا پلان بن چکا تھا، تحریک عدم اعتماد کے بعد عام انتخابات میں جانا آسان فیصلہ ہوتا، ملک کو بے یقینی صورتحال سے نکالنے کیلئے سخت فیصلوں کا سیاسی بوجھ اٹھایا، ہم نے ریاست کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہوئے سیاسی مفادات کی قربانی دی۔