کراچی(کامرس رپورٹر )
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ تاجروصنعتکار برادری کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں سازگار اور پرسکون ماحول یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور صنعتی ایریا کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے سرویلنس کیمرے نصب کیے جائیں گے اس حوالے سے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے نکاٹی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انہوں نے نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی درخواست پر پولیس موبائل، نفری دینے، پیٹرولنگ بڑھانے اور پولیس گشت کے لیے موٹرسائیکل دینے کا بھی اعلان کیا جس کی پیروی کرتے ہوئے نکاٹی کے ممبرزصنعتکاروں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت پولیس موبائل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں نکاٹی کے نائب صدر نعیم حیدر، چیف کرائم مانیٹرنگ سیل اختر اسماعیل، صادق محمد، سید طارق رشید، سید عثمان علی و دیگر بھی موجود تھے۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان پولیس چیف کے ساتھ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پولیس چیف کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی پی ایل سی کی طرز پر نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں نئے سرویلنس سسٹم کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس، رینجرز اور جی ایف ایس کے تعاون سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں خفیہ کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ اسنیپ چیکنگ کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں کو کڑی نگرانی کی جاسکے اور صنعتی ایریا کو جرئم سے پاک بنا کر صنعتکار برادری کو سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے پولیس چیف کی توجہ بینکوں کے باہر چھینا چھپٹی کی بڑھتی سرگرمیوں کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ پورے نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا اور حساس مقامات پر گشت بڑھانے کی ضرورت ہے جن میں گبول ٹاؤن، رحمانی موڑ، لاسی گوٹھ زیادہ حساس ہیں۔ انہوں نے صنعتی پلاٹوں پر تجاوزات کو ہٹانے پر بھی زور دیا جو تجارتی مقاصد کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔غیر قانونی منی ہوٹلوں، کیفے اور ڈھابوں کے ذریعے تجاوزات قائم کی جارہی ہیں جس کے خاتمے کی ضرورت ہے۔