اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نسٹ)کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ (ای ایم ای) میں میکیٹرونکس انجینئرنگ کے شعبہ کے زیر اہتمام 9 سے 13 جولائی تک سالانہ نیشنل انجینئرنگ روبوٹکس(این ای آر سی) مقابلے منعقد ہوں گے۔ نسٹ کے حکام کے مطابق مقابلوں کے شرکاء ایونٹ کے دوران مختلف شعبوں میں اپنی جدت اور تکنیکی مہارت کا مظاہرہ کریں گے جن میں دیسی، ماڈیولر، روبو وارز اور ایرو وغیرہ شامل ہیں۔گزشتہ چند سال کے دوران این ای آر سی ایک باوقار پلیٹ فارم بن چکا ہے جو طلباء میں روبوٹکس اور انجینئرنگ کی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے۔ روبوٹکس مقابلے نہ صرف جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کو نمایاں کرتے ہیں بلکہ ملک کے ابھرتے ہوئے انجینئرز کے درمیان تعاون اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ نیشنل انجینئرنگ روبوٹکس مقابلے پاکستان میں روبوٹکس کی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے نسٹ اور ایچ ای سی، ایس ٹی ای ایم کیریئر پروگرام کے باہمی تعاون کے تحت منعقد کئے جاتے ہیں ۔20ویں این ای آر سی 2024 کی میزبانی ڈیپارٹمنٹ آف میکیٹرونکس انجینئرنگ اور سوسائٹی آف میکیٹرانکس انجینئرز، پاکستان کریں گے۔یہ پروگرام مختلف روبوٹک ڈیزائنز، کنٹرول الگورتھم اور فن تعمیر کا جائزہ لینے اور موازنہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ این ای آر سی 2024 اس باوقار تقریب کا 20 واں ایڈیشن ہے جس میں پاکستان بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے شرکاء پانچ دن آپس میں مقابلہ کرتے ہیں۔ این ای آر سی ملک بھر کے ان اداروں کے طلباء کو آٹومیشن اور روبوٹکس کے شعبے میں اپنے خیالات کو سیکھنے اور ان کی نمائش کا موقع فراہم کرتا ہے۔این ای آر سی 2024 تھیم کا فوکس ایک خود مختار روبوٹ بنانا ہے جو درخت لگانے کی مہم کو خودکار کر سکے۔ اس تھیم میں روبوٹ کا کام مٹی میں موجود پتھروں، کچرے وغیرہ کو ہٹا کر پودے لگانے کے لیے مٹی تیار کرنا اور پھر کھیت میں متعین جگہوں پر درخت لگانا بھی ہے۔ کامیابی سے اپنا کام مکمل کرنے اور فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔