کراچی: (نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شپنگ لائیز کی ریگولیشن کیلئے جامع لائحہ عمل اور بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدیدمشینری کی جلد تنصیب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے لیاری ایکسپرس وے کو کارگو ٹریفک کیلئے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے،کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو کراچی پورٹ ٹرسٹ آمدپربندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے،حال ہی میں اپنے دورہءِ قزاخستان کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی،پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے،وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کیلئے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری کرکے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے،کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔وزیرِ اعظم نے کہاکہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرینس کے وقت کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدیدمشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے،بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے لیاری ایکسپرس وے کو کارگو ٹریفک کیلئے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے۔وزیراعظم نے کہاکہ سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے،پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کرکے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے،انہوں نے کہاکہ شپنگ لائیز کی ریگولیشن کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر جلد پیش کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مؤثر بنانے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے برآمد کندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران جان ٹیسوری، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئر مین ایف بی آر، چیئرمین پی این ایس سی،پی کیو اے،کے پی ٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بندرگاہ کی کارکردگی کے خطے کی دوسری بندرگاہوں سے موازنے پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔