کراچی (نمائندہ خصوصی)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔ 18جون سے 6جولائی تک منعقد ہونے والے ان امتحانات میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے تقریباً ایک لاکھ 90ہزار طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔ امتحانات کے آخری روز سائنس پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کا کیمسٹری پرچہ اول، ہوم اکنامکس کا کیمسٹری اور سائنس جنرل کا کمپیوٹر سائنس پرچہ اول لیا گیا۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانات کے آخری روز بھی امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔
چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظمین امتحانات اسلم چوہان، زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ مادر ملت کالج گلشن حدید اسٹیل ٹاؤن اور اسٹیل کیڈٹ کالج کا دورہ کر کے امتحانی عمل اور امتحانی مراکز پر طلباء کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ناظم امتحانات انٹربورڈ کراچی انور علیم خانزادہ نے ڈی ایچ اے کالج کا دورہ کرکے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے پرامن اور بلاتعطل انعقاد پر سپر ویجی لینس ٹیموں، ویجی لینس ٹیموں، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، ویجی لینس آفیسر ز اور انٹربورڈ کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی اد اکیا۔