اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کی اوور بلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پروٹیکٹیڈ صارفین کو اووربلنگ کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے اس حوالہ سے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے،پروٹیکٹیڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے۔ جس کی قطعا اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ صارفین کی فہرست میں شامل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پروٹیکٹیڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ،پروٹیکٹیڈ صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ وفاقی وزیرنے ہدایت کی کہ پروٹیکٹیڈ صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے ۔