کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ): کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ 08جولائی کو نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر کراچی میں ایک ریلی کا اہتمام کرے گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ 8جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کی اورانہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا ۔ وفد میں پرویز احمد شاہ، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، چوہدری شاہین اور امتیاز احمد وانی شامل ہیں۔ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ کی قیادت میں ایک وفد نے پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل)سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سردار عبدالرحیم نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور پاکستان مسلم لیگ (فکشنل)کے قائدین اور کارکنان پیر کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری نے تسلیم کیاہے جسے بھارت نے فوجی طاقت کے بل سلب کررکھاہے۔سردار عبدالرحیم نے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔حریت وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اورنائب امیر جماعت کراچی راجہ ظفر سلطان منہاس سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا۔ حریت وفد نے پیپلز پارٹی کے رہنما اورصوبائی وزیر سعید غنی سے بھی ملاقات کی ۔