دبئی۔: (نمائندہ خصوصی ):پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان بزنس کونسل اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے اشتراک سے مینگو فیسٹیول کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، معززین، پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد اور سرکاری افسران سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا افتتاح ابوظہبی میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل آف پاکستان حسین محمد نے کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا سال بھر بڑی بیتابی سے انتظار کیا جاتا ہے ۔ سٹرس کی طرح آم وادی سندھ جس کا پاکستان حصہ ہے،کی خاص مقامی پیداوار ہیں ۔ میلے کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی واضح ثبوت ہے کہ اس خاص پھل کا گرمیوں میں بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے۔قونصل جنرل حسین محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی آم ہماری ثقافت اور ورثے میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور ہماری مہمان نوازی اور روایت کی علامت ہیں۔ تقریب کا اختتام سندھ کے وزیر ثقافت سیاحت نوادرات آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے یادگاری شیلڈزپیش کرنے کے ساتھ ہوا۔