مری۔:: (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے، یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ہفتہ کو مری میں صدر مسلم لیگ (ن)سے ملاقات کی۔محمد نواز شریف نے کہا کہ سات سال پہلے ملک نے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل پر قابو پا لیا تھا۔ آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی تاہم 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے کیونکہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو توانا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو سینٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔