اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )):سپریم کورٹ حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کے خلاف نادرا کی اپیل پر 10 جولائی کو سماعت کرے گی۔ اپیل پر سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ بحال کرنے کے خلاف نادرا کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ نادرا نے غیر ملکی شہریت کی بنیاد پر حافظ حمد اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کر دیا تھا۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حافظ حمد اللہ کے شناختی کارڈ کی منسوخی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ نادرا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے جس پر دو رکنی بنچ 10 جولائی 2024ء کو سماعت کرے گا۔