راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی ):کورکمانڈرز کانفرنس نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیتے ہوئے چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں (Illegal Spectrum) کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضا ہے ،فورم نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا ۔ کانفرنس کے شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ فورم نے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی ۔شرکاء کانفرنس کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے ۔فورم کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا ۔ فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی ۔