برسلز۔(نمائندہ خصوصی ) بیلجئیم ، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے ہفتہ کو لکسمبرگ میں پاکستانی برادری کے ساتھ مصروف دن گزارا۔ انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن لکسمبرگ کے زیر اہتمام عید ملن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے علاوہ لکسمبرگ قونصلر کیمپ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور پاکستانی خواتین پروفیشنلز اور پاکستانی نژاد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں ۔بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق آمنہ بلوچ نے پاکستانی خواتین پروفیشنلز سے ملاقات میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے سفارتخانے کی جانب سے ان کی کوششوں میں بھرپور حمایت کا بھی یقین دلایا۔ دریں اثناء سفارت خانے نے پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے لکسمبرگ میں قونصلر کیمپ کا انعقاد کیا اور سفیر نے کھلی کچہری کے دوران کمیونٹی کے سوالات کے جواب دئیے اور ان کے مسائل کے حل کے لیےاقدامات کا یقین دلایا ۔ایکس پر پوسٹ کے مطابق سفیر نے لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی نژاد چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور لکسمبرگ میں مالیاتی پیشہ ورانہ کمیونٹی کو منظم کرنے، مالیاتی شعبے میں پاکستانی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کمیونٹی کے روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔