پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک ): فرانس میں پاکستانی سفارت خانہ نے” پولو ڈی پیرس” فرانس کی سالانہ تقریب میں دنیا بھر میں مشہور پاکستانی آموں کی نمائش کی۔ پاکستان کے سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق اس موقعپر مہمانوں اور مشہور پولو ڈی پیرس کے اراکین نے آم سے تیار کردہ مزیدار اشیاء مینگو موس، مینگو آئس کریم اور تازہ کٹے ہوئے آم سے لطف اٹھایا۔پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے فرانسیسی دوستوں سے پاکستانی آم متعارف کرانے کے اس شاندار موقع پر صدر پولو ڈی پیرس جین لوک چارٹیئر اور کلب کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔مہمانوں نے پاکستانی آموں کی مٹھاس اور خوشبو کو بے مثال قرار دیا اور پاکستان میں آموں کی مختلف اقسام کے بارے میں مزید آگہی کے لیے بے چین تھے۔ بہت سے لوگوں کے لیے "پھلوں کا بادشاہ” پاکستانی آم کا حیرت انگیز ذائقہ ، دلکش زردرنگت، جسامت تقریب میں موضوع بحث بنی رہی ۔