اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں ریفائنری پالیسی 2023 کی میعاد میں چھ ماہ کی توسیع ، نجی شعبے کے چھوٹے آبی منصوبوں کیلئے سٹینڈرائزڈ سکیورٹی پیکیج ڈاکومنٹ، گلگت بلتستان میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے کمیٹی ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد بڑھانے، بجلی چوری کی روک تھام اور بلوں کی بروقت وصولی کیلئے ڈسکوز سپورٹ یونٹ کے قیام اور زائد المیعاد بلوں کی وصولی کیلئے ترغیبی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، احسن اقبال، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین نیپرا وسیم مختار، چیئرمین اوگرا مسرور خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم ریفائینریز کے شعبے کی ترقی اور اس میں بیرونی
سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ وزیرِ اعظم کی سربراہی میں کمیٹی نے موجودہ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے ریفائنری پالیسی 2023 کی میعاد میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ ملک میں قائم آئل ریفائنریز کو اعتماد میں لے کر ان کی ترجیحی بنیادوں پر اپ گریڈیشن کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرے۔ کمیٹی کو بجلی کے شعبے کی جولائی 2023 سے مئی 2024 تک کی گردشی قرضے کی مفصل رپورٹ بھی پیش کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی 2024 تک بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے کا حجم 2655 ارب روپے رہا۔ کابینہ کمیٹی نے نجی شعبے کے چھوٹے آبی منصوبوں کیلئے پاور پالیسی 2015 کے تحت سٹینڈرائزڈ سکیورٹی پیکیج ڈاکومنٹ کی منظوری دے دی، اس اقدام کا مقصد بجلی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کا فروغ اور ٹیرف اور دیگر معاملات کو جلد نمٹانا ہے۔وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے شکایات کے ازالہ کا فیصلہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لائحہ عمل کیلئے ایک کمیٹی قائم کردی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی استعداد بڑھانے، بجلی چوری کی روک تھام اور بلوں کی بروقت وصولی کیلئے کمیٹی نے ڈسکوز سپورٹ یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔ ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی میعاد وفاقی کابینہ سے منظوری سے لے کر دو سال کی مدت تک ہوگی۔ ڈسکوز سپورٹ یونٹ کی شروعات ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)سے کی جائے گی ۔ کمیٹی نے بجلی کے غیر ادا شدہ اور زائد المیعاد بِلوں کی وصولی کیلئے ترغیبی پیکیج کی بھی منظوری دی۔ اس پیکیج کے تحت بجلی کے غیر ادا شدہ اور زائد المیعاد بلوں کی وصولی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ڈسکوز کے اہلکاروں کو انعام سے نوازا جائے گا۔