اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )پاکستان نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ممتاز کشمیری قانون دان اورکشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم کی جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاری پر تشویش ظاہرکی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران جھوٹے الزامات کے تحت میاں عبدالقیوم کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان کی گرفتاری واضح طورپر سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے بھارتی حکام پرزوردیاکہ وہ میاں عبدالقیوم اور دیگر سیاسی نظربندوں ، سیاسی مخالفین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کوفوری رہا کرے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے تنازعے کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل تک اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔فلسطین کی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے غزہ کے میڈیکل کے طلبا کو اپنی میڈیکل کی تعلیم پاکستان میں مکمل کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔