اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے قطرکے اعلیٰ سطح کے تکنیکی وفد نے جمعرات کو یہاں کرنل احمد عبداللہ العابداللہ کی قیادت میں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ملاقات کی۔ جاری بیان کے مطابق ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات، پانی کے انتظام، توانائی، جنگلات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون پر غور کیا گیا۔وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے وزیراعظم کے مختلف کلین اینڈ گرین اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ، قومی آفات اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی عمل کو فروغ دینے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ کلائمیٹ ڈپلومیسی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے وعدے پر قطری وفد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔