اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نوبل انعام یافتہ مادام میری کیوری کی برسی جمعرات4 جولائی کو منائی گئی ۔ وہ نوبل انعام یافتہ سائنس دان تھیں جنہوں نے تابکاری کے شعبہ میں تحقیق اور اپنی دریافتوں کے سبب دنیا بھر میں شہرت پائی۔ مادام کیوری طبیعیات اور کیمیا کے مضامین کی ماہر تھیں۔7 نومبر 1867ء کو پولینڈ میں پیدا ہونے والی مادام کیوری کے والد ریاضی اور فزکس کے استاد تھے جب کہ والدہ لڑکیوں کے ایک بورڈنگ سکول کی نگراں تھیں۔ مادام کیوری نے فرانس کی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر اپنے شوہر کے ساتھ سائنسی تجربات اور تابکاری پر کام میں مشغول ہو گئیںانھوں نے تابکار عنصرریڈیم دریافت کیا تھا تاہم اپنی اس دریافت سے پیسہ کمانے کے بجائے کہا کہ ’’ریڈیم مہربانی اور کرم ہے جو دنیا کی ملکیت ہے‘‘۔1934ء میں وہ خون کے خلیات کی ایک لاعلاج بیماری میں مبتلا ہو گئیں جو بہت زیادہ تابکاری اثرات کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ عظیم سائنسدان آئن سٹائن نے مادام کیوری کو ان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا تھا: ’’ماری کیوری کا عزم، قوّتِ ارادی، درویشانہ صفت، غیرجانب داری اور لازوال منصف مزاجی۔ یہ تمام چیزیں ایسی ہیں جو شاذ و نادر ہی کسی ایک فرد میں اکٹھی ہوتی ہیں۔ان کا عجز و انکسار حد سے بڑھا ہوا تھا۔‘‘ تابکاری کے شعبہ کی بانی مادام کیوری نے دو مرتبہ نوبل انعام حاصل کیا۔ انہوں نے طبیعیات کا نوبل انعام 1903ء میں جبکہ کیمیا کا انعام 1911ء میں حاصل کیا جس کی وجہ دو عناصر ریڈیم اور پولونیم کی دریافتیں تھیں۔ مادام کیوری 4 جولائی 1934ء کو دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کے یوم وفات کے موقع پر دنیا بھر میں سائنس و تحقیق کے شعبہ کے ماہرین نے ان کی خدمات کو اجاگر کیا اور تحقیق کے شعبہ میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔