اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں اختلاف رائے کو کچلنے کے لیے بھارتی حکام کی مہم مسلسل جاری ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ معروف کشمیری قانون دان اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم کو حال ہی میں من گھڑت الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میاں عبدالقیوم بڑھاپے میں متعدد دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں ، ان کی گرفتاری واضح سیاسی انتقام ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ میاں عبدالقیوم اور دیگر ہزاروں کشمیری سیاسی قیدیوں، اختلاف رائے رکھنے والوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کریںترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔