لاہور۔(مانیٹرنگ ڈیسک ):صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 جولائی تک صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔سیالکوٹ نارووال شکرگڑھ لاہور گوجرانوالہ ،گجرات اور منڈی بہائوالدین میں تیز بارش کے امکانات ہیں ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ،اٹک ،جہلم ،چکوال ،مری اور گلیات میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دریائوں چناب ،راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو نارمل لیول پر ہے،تاہم چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ ہے۔ترجمان کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں انہوں نے کہا کہ شہری دریائوں ندی نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں اوربجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے ،شہری ایمرجنسی کی صورت پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔