اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے ہنر مندی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس کی قیادت میں سینئر وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں تعلیمی خلا کو پر کرنے میں امریکہ کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے تعاون سے اہم منصوبے جاری ہیں جن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جانا چاہئے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان نے تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی بڑی تعداد پر قابو پانے پر حکومت کی توجہ پر روشنی ڈالی جو 22.8 ملین ہے۔ خالد مقبول نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی بہت گنجائش ہے، نوجوانوں کے لئے ہنر مندی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دی جائے۔ڈاکٹر خالد نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ملک کے لیے ایک بوجھ یا نعمت ثابت ہوسکتا ہے، اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم ان سے کس طرح استفادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت بالخصوص غیر رسمی تعلیم میں مزید تعاون ہونا چاہئے، اساتذہ اور طلباء کے تبادلے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی نظام کا ایک اہم پہلو اس کا تشخیصی طریقہ کار ہوتا ہے اور انہوں نے پاکستان کے تشخیصی اور مانیٹرنگ اداروں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی جامعات کو تعاون کے مزید شعبوں کو فروغ دینے کی ضرورت کی بھی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے پاکستان تعلیم کے شعبے میں اپنے متعدد چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہو جائے گا۔مزید برآں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد کو مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ ہمیں امریکہ کے عالمی علم اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اسے اپنے فائدے کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور کامیاب نوجوانوں کا مطلب کامیاب پاکستان ہے لہٰذا ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔