اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر مختار احمد سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر )کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان میں افغان مہاجرین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی اسکالرشپ عائشہ اکرام اور پراجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال اسکالرشپ فار افغان اسٹوڈنٹس جہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے یو این ایچ سی آر کے وفد کا خیر مقدم کیا جس میں یو این ایچ سی آر پاکستان کی کنٹری نمائندہ فلپا کینڈلر، سینئر پروگرام آفیسر اوکسانا پیناسینکو اور ایسوسی ایٹ ایجوکیشن آفیسر شاہدہ سلطان شامل تھیں۔انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایچ ای سی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وفود کو ایچ ای سی کے افغان طلباء کے لئے علامہ محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جس کے تحت افغان طلباء کی ایک بڑی تعداد پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء واپس جاتے ہیں اور اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی اسکالرشپس کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے افغان طلباء کو وہی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جو پاکستانی طلباء کو دستیاب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی افغان حکومت کے عہدیداروں کو ان کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔ فلپ کینڈلر نے افغان طلباء کو اسکالرشپ کے مواقع فراہم کرنے پر ایچ ای سی کی تعریف کی کیونکہ یہ افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کے لئے ایچ ای سی اور یو این ایچ سی آر کے مابین مشترکہ اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔