اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ نیشنل گراس روٹس آئی سی ٹی ریسرچ انیشیٹو ہمارے نوجوان ذہنوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ان کے اختراعی منصوبوں کی حمایت کرتے ہوئے ہم نہ صرف تحقیق اور ترقی کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ ایک تکنیکی طور پر بااختیار پاکستان کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل گراس روٹس آئی سی ٹی ریسرچ انیشیٹو (این جی آئی آر آئی) کے تحت فائنل ایئر پراجیکٹس کی قومی چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں آئی سی ٹی سے متعلقہ شعبوں میں انڈرگریجویٹ طلباء کی نمایاں کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کیپٹن (ر) محمد محمود نے طلباء کی کاوشوں کی تعریف کی اور ملک کو آگے بڑھانے میں جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل گراس روٹس آئی سی ٹی ریسرچ انیشیٹو ہمارے نوجوان ذہنوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ان کے اختراعی منصوبوں کی حمایت کرتے ہوئے ہم نہ صرف تحقیق اور ترقی کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ ایک تکنیکی طور پر بااختیار پاکستان کی راہ ہموار کر رہے ہیں، ان طلباء کی کامیابیاں ہماری قوم کے روشن مستقبل کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اگنائٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدیل اعزاز شیخ نے اپنے خطاب میں آئی سی ٹی سیکٹر پر پروگرام کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ این جی آئی آر آئی پروگرام نچلی سطح پر اختراعات اور ترقی کو فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ان امید افزا منصوبوں کو مالی مدد فراہم کرکے، ہم اپنی آئی سی ٹی صنعت کے مستقبل کے لیڈروں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی ہمارے طلباء کی محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ ہمارے تعلیمی اداروں اور صنعتی شراکت داروں کی غیر متزلزل حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔تقریب کے اختتام پر آئی سی ٹی کے شعبے میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پراجیکٹس میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ 2012 میں اپنے آغاز کے بعد سے این جی آئی آر آئی پروگرام کا نچلی سطح پر تحقیق، ترقی، اور اختراعات کو فروغ دینے میں سرکاری اور نجی شعبوں میں فائنل ایئر پراجیکٹس (ایف وائے پی)کو مالی مدد فراہم کرنے میں اہم کردار رہا ہے۔ این جی آئی آر آئی پروگرام نے متاثر کن 7,115 ایف وائی پی کی مالی امداد کی ہے جس میں 384.24 ملین روپے کی رقم تقسیم کی گئی ہے، اس اقدام نے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور تکنیکی ترقی کے ماحول کو فروغ دیا ہے جو قوم کو ایک روشن، تکنیکی طور پر ترقی یافتہ مستقبل کی طرف لے جا رہا ہے۔