ملتان ( بیورورپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی پی نظریاتی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ پی پی پنجاب میں لا تعلق ہو چکی ہے۔ کے پی کے اور بلوچستان میں پی پی کاوجود نہیں۔ پی پی کی سیاست کا محور صرف سندھ کی سیاست رہ گئی ہے۔ آئندہ انتخابات میں پی پی کو سندھ میں بھی سرپرائز دیں گے۔ پنجاب میں زرداری صاحب نے پی پی کو ن لیگ میں سرینڈر کردیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں پنجاب کی 20نشستوں پر پی پی کا کوئی امیدوار دیکھائی نہیں دے رہا۔ ملتان کے ضمنی انتخاب میں گیلانی صاحب اور ان کے صاحبزادے میری محبت میں‘ ن لیگ کی بھر پور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ گیلانی نے نواز شریف سے آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنے اور اپنے صاحبزادوں کیلئے سیٹ ایڈجسمنٹ کی بھیک مانگی کہ ان کے مقابلے میں ن لیگ اپنا امیدوار نہ لائے۔پی پی‘ن لیگ اکیلے اکیلے تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔دونوں جماعتیں ملکر بھی تحریک انصاف کو شکست نہیں دے سکتی۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا عوام پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں سے متنفر چکے ہیں۔ پاکستانی سیاست میں دونوں جماعتوں کا ایک طویل عرصے تک اثر رہا اور باریوں کی سیاست میں دونوں جماعتیں کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہیں۔ عمران خان نے پاکستانی سیاست میں آکر اس جمود کو توڑا۔ اور باریوں کی سیاست انجام کو پہنچی۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے 11 سو ارب روپے کی کرپشن کی۔ ملکی معیشت کو تبا ہ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان کا ایک ہی نظریہ ہے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور کرپشن کا خاتمہ۔ سامراجی قوتوں اور لٹیروں کو عمران خان کا نظریہ اچھا نہیں لگا انہیں ایک سازش کے تحت اقتدار سے الگ کردیا گیا۔ عمران خان تیسری دنیا کے واحد لیڈر کے طور پرابھر کر سامنے آئے ہیں۔
جو اقتدار سے اترنے کے بعد عوام میں گئے اور عوام نے ان کی بھر پور پزیرائی کی۔ عمران خان کی مقبولیت کی اس سے بڑی مثال کیا ہوگی۔ کہ رکاوٹوں پابندیوں اور سخت موسم کے باوجود عوام کی ایک بڑی تعداد عمران خان کا بیانیہ سننے جوق در جوق آتے ہیں۔ آج میں برملا کہ رہا ہوں عمران خان آج پاکستان کے مقبول ترین سیاست دن اور عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ عوام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کو ایک بارپھر کامیابی سے نواز کر اپنا چوری شدہ مینڈیٹ واپس لیکر عمران خان کو وزیراعظم بنوائیں گے۔ آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف ملک میں شفاف ضمنی انتخابات چاہتی ہیں۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شفاف ضمنی انتخابات کروائے جائیں اور ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیا جائے۔ اگر ان ہدایات پر عمل ہوتا ہے اور شفاف انتخابات ہوتے ہیں تو عوام کی جانب سے تحریک انصاف اور عمران خان کے لئے بھر پور پذیرائی دیکھ رہے ہیں اور عمران خان کو ضمنی انتخابات میں بھر پور کامیابی ملے گی۔ ہم سوچ رہے ہیں کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عدالت میں جائیں کہ چیف جسٹس کے احکامات کے برعکس ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ میں نے ملتان کے پی پی 217 کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ویڈیو کلپ بمعہ ثبوت ریٹرنگ آفسرکو تحریری طور پیش کردیئے ہیں۔ انہو ں نے یقین دہانی کروائی کہ اس پرایکشن کریں گے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ وہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ن لیگ ویڈیو کلپس اور گھریلوں خواتین پر تہمتیں لگا کر ایک نئے سیاسی کلچرکو پروان چڑھا رہی ہے۔ جوغیر مناسب ہے۔ اخلاقی‘ سیاسی اور دینی لحاظ سے یہ مناسب نہیں۔ پچھلے دنوں عطاء تارڑ صاحب نے نازیباباتیں کیں جو انہیں زیب نہیں دیتی۔ میں ن لیگ کی قیادت سے درخواست کرونگا کہ وہ خاندانی روایات کا خیال رکھیں۔ آئیں سیاست پربات کریں۔ منشور کی بات کریں۔ سیاسی تنقیدکریں۔ وہ ان کا حق ہے۔ لیکن نازیبا بات نہ کریں۔ ان حرکات سے ملک میں بدامنی اور لڑائیاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا ضمنی انتخاب افراد کا نہیں بلکہ دو نظریات کا الیکشن ہے۔ نظریہ کی جنگ ہے۔ ایک نظریہ حق کا اور دوسرا باطل کا ہے۔ ایک شخص کے خلاف 11 جماعتیں ملکر الیکشن لڑ رہی ہیں عمران خان کا نظریہ کرپشن‘ناانصافی‘ بدانتظامی اور بوسیدہ و فرسودہ نظام کے خلاف جنگ کانظریہ ہے۔ 11 جماعتوں کا نظریہ اقتدار میں آو‘ کرپشن کرو اور ملک سے نکل جاؤ کا نظریہ ہے۔ عوام عمران خان کو اور اس کے مد مقابل 11 جماعتوں کی قیادت کو بخوبی جانتے ہیں۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ پاکستان کی باشعور عوام نے کرنا ہے۔ عمران خان نے پاکستان کی عوام کو شعوری آزادی دی انہیں جینے کا حوصلہ دیا انہیں کرپشن اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کا شعور اجاگر کیا۔ پاکستان کا ہر زی شعور سنجیدہ اور پاکستان سے محبت کرنے والا طبقہ عمران خان کی آواز ہے۔ اور 17جولائی کو یہ طبقہ عمران خان کے نظریہ کی توثیق کرتے ہوئے عمران خان کے ہر شہر میں‘ ہر حلقے میں نمائندے کو بھر پور کامیابی دلائے گا۔