راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی ):سکیورٹی فورسز کے باجوڑ میں آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہائی پروفائل دہشت گرد مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3 جولائی 2024 کو، سیکیورٹی فورسز نے ایک ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کمانڈر عرفان اللہ عرف عدنان کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ وہ سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا اظہار کیا۔