اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت مستحکم ریگولیٹری ماحول کو یقینی بنانے کے ذریعے اقتصادی ترقی کے عمل کو تیزکرنے اورکلائمیٹ فنانسنگ، ایس ایم ایز اور یوتھ لون اسکیموں پربھرپورتوجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پی ایل سی کے گروپ چیف ایگزیکٹو بل ونٹرز سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے سی ای او ریحان شیخ اور سی سی آئی بی پاکستان کے سربراہ ارسلان نعیم بھی موجود تھے۔بل ونٹرز نے معاشی استحکام کے حوالہ سے حکومت پاکستان کی جاری کوششوں اورکلی معیشت کے اشاریوں میں نمایاں بہتری کو سراہا۔ انہوں نے بینکاری کے شعبہ میں ہونے والی پیش رفت کا بھی اعتراف کیا اور اس سلسلے میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ۔ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالہ سے بینک کی حمایت کے عزم کا اظہار کرتے
ہوئے کہاکہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیارہے ۔ انہوں نے پاکستانی مارکیٹ کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئی مصنوعات اور مالیاتی آلات متعارف کرانے کی تجویز بھی پیش کی۔ وزیر خزانہ نے بل ونٹرز کے دورہ پاکستان کو سراہا اورکہاکہ یہ دورہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ملک کے ساتھ وابستگی کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتمستحکم ریگولیٹری ماحول کو یقینی بنانے کے ذریعے اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں پرعزم ہے ۔وزیرخزا نے کہاکہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہورہاہے، اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی بہترین ہے جبکہ اہم اقتصادی اشاریے بھی ملکی معیشت کے استحکام کی عکاسی کررہے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے کلائمیٹ فنانسنگ، ایس ایم ایز اور یوتھ لون اسکیموں جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں پر حکومت کی توجہ کا تذکرہ کیا اورکہاکہ اس کے زریعہ جامع ترقی اورنمو کو فروغ دیاجاسکتاہے۔ وزیرخزانہ نے اداروں کے ساتھ شراکت داری اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے پر مسٹربل ونٹر کا شکریہ اداکیا۔