اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او)سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ موجودہ نظام میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کی نشاندہی کر کے اسے دور کیاجائے ،نظام کی اصلاح اور بہتری کیلئے وزارت کو جامع تجویز پیش کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کے دورے کے موقع پر کیا ۔ ڈی جی ٹی او کے دورے کے دوران وفاقی وزیرجام کمال خان نے محکمے کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ جامع اوور ہال کے ذریعے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ ملک بھر میں تجارتی تنظیموں کو اس کے فوائد حاصل ہوں ،ڈی جی ٹی او کو اپنے آپریشنز اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ کو عصری تجارتی طریقوں سے ہم آہنگ کرنے اور کاروباری برادری کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ اصلاح بہت ضروری ہے، ضروری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈی جی ٹی او پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے اپنی اعلیٰ ترین صلاحیت کے ساتھ کام کرے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ مجوزہ اصلاحات میں تکنیکی فریم ورک کو اپ گریڈ کرنا، ڈیجیٹلائزیشن، انسانی وسائل کے مسائل کو حل کرنا ، محکمہ کے بجٹ اور قانونی فریم ورک کو بہتر بنانا شامل ہے۔وزیر تجارت نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو بھی اجاگر کیا اور اس مقصد کے حصول میں مضبوط تجارتی تنظیموں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل عثمان قریشی نے یقین دلایا کہ محکمہ مقررہ مقاصد کو پورا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ اقدام موثر تجارتی پالیسیوں اور معاون میکانزم کے ذریعے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں میں اہم قدم ہے۔