اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا جس میں ڈاکٹر ولید رسول کی ہمشیرہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اوریکجہتی کا اظہارکیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم ڈاکٹر ولید رسول اور ان کے عزیزواقارب کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ مجلس میں مرحومہ کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی ۔ مجلس میں فورم کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سیکریٹری انفارمیشن مشتاق احمد بٹ ,اعجاز رحمانی،حاجی محمد سلطان،جاوید جہانگیر،نثار مرزا،امتیاز وانی،زاہد مجتبیٰ،نذیر احمد کرنائی،سید گلشن ،زاہد صفی ،خادم حسین ،ظہور احمد صوفی اور دیگر نے شرکت کی۔دریں اثناء جموں سے تعلق رکھنے والے حریت رہنمائوں کے ایک وفد نے ایک ملاقات کے دوران غلام محمد صفی کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر، ایڈوکیٹ پرویز احمد کوجنرل سیکریٹری اور مشتاق احمد بٹ کو سیکریٹری اطلاعات منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وفد نے امید ظاہر کی کی نو منتخب ٹیم تحریک آزادی کو مزیدفعال اور توانا بنانے میں اپنی پوری صلاحتیں بروئے کار لائے گی۔ وفد میں قاضی محمد عمران ،خالد شبیر اور امتیاز احمد بٹ شامل تھے۔