اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام کے ڈنمارک مشن کے 3 رکنی وفد نے سینئر ماہر اقتصادیات کی قیادت میں پیر کو یہاں ملاقات کی۔وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام میں مشیر کاربن کریڈٹ مارکیٹس عروہ خان نے وزیر اعظم کی موسمیاتی مشیر رومینہ خورشید عالم کو کاربن مارکیٹ سے متعلق ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں سیمنٹ، تیل اور گیس، ٹیکسٹائل اور دیگر صنعتوں سمیت مختلف شعبوں سے اپنے کاربن کریڈٹس کی فروخت سے پاکستان معاشی فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی موسمیاتی معاون کو پالیسی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور سیمنٹ، فضلہ، ٹیکسٹائل، تیل اور گیس، ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں سمیت مختلف ممکنہ شعبوں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے اپنی تنظیم کی مکمل تکنیکی اور غیر تکنیکی مدد کا بھی یقین دلایا۔فریقین نے پاکستان کے مختلف صنعتی شعبوں کو بین الاقوامی کاربن تجارتی منڈیوں میں اپنے کاربن کریڈٹ فروخت کرنے اور مالی فوائد حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم کی موسمیاتی معاون نے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم کاربن مارکیٹوں کی جانب سے پاکستان کے لئے بین الاقوامی کاربن مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ پیدا کرنے اور کاربن کریڈٹس کی فروخت سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے لئے پیش کی جانے والی غیر استعمال شدہ اقتصادی صلاحیت سے آگاہ ہیں;کاربن مارکیٹس بین الاقوامی تجارتی نظام ہیں جس میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو ختم کرنے یا کم کرنے والے اداروں سے کاربن کریڈٹ خرید کر ان کے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی تلافی کے لئے کاربن کریڈٹ فروخت اور خریدے جاتے ہیں۔