اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کشمیر، پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی ،زیریں خیبر پختونخوا ، زیریں سندھ اور شمال مشرقی،زیریں بلوچستان میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوب مشرقی بلوچستان اور جنوبی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے۔اس دوران سب سے زیادہ لاہور میں (لکشمی چوک 105، قرتبہ چوک 102، ہیڈ آفس واسا 73، پانی والا تالاب 72، گلشن راوی 61، مغل پورہ 52، سٹی، نشتر ٹائون 49، چوک ناخدا 47، اپر مال 45، سمن آباد 41، تاج پورہ، اقبال ٹائون 33، فرخ آباد، ایئر پورٹ 30، جوہر ٹائون 12)، منگلہ 57، گوجرانوالہ 43، سیالکوٹ (ایئر پورٹ 40، سٹی 5)، نارووال 33، مری 18، شیخوپورا 6، گجرات، قصور، منڈی بہائوالدین 3، جہلم ایک، کاکول 41، کوٹلی 17، مظفر آباد (سٹی 6، ایئر پورٹ 4)، لسبیلہ 4 اور بدین میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے اعدادوشمار کے مطابق بھکر، نوکنڈی، دالبندین، سبی میں درجہ حرارت 47، تربت، جیکب آباد 46 اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔