اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ نفاذ، نفاذ اور نفاذ شہریوں کے مساوی حقوق کی آئینی ضمانت تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے بہت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوفیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام جامع انصاف کے موضوع پر دو روزہ علاقائی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کوششوں اور نتائج کے حصول میں فرق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے جدوجہد کی گئی ہے تاہم متعدد اقدامات کے باوجود خواتین کو بااختیار بنانے میں پیش رفت غیر تسلی بخش رہی ہے۔انہوں نے جامع انصاف تک رسائی کیلئے صنفی مساوات،احتساب اور قیادت کے قانونی اور پالیسی وعدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قیادت کو نہ صرف سٹریٹجک سطح پر بلکہ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ خواتین کے ساتھ جنسی ہراسیت اورامتیازی سلوک کو روکنے کے لیےکر دار اداکرنا چاہیے ، اگر ہم نتیجہ خیز جامعیت چاہتے ہیں تومحتسب کی توثیق کرنی چاہیے ۔فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں جامع انصاف پر دو روزہ علاقائی سمپوزیم میں یورپی یونین اور یو این ویمن کے تعاون سے عدالتی نظام میں شمولیت اور فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔