لاہور(نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 629 فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کی گئی۔ گراں فروشی، نامکمل لیبلنگ اور ناقص انتظامات پر 4 لاکھ 70 ہزار کے جرمانے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ لاہور ڈویژن میں 128 ، فیصل آباد 64 ، ساہیوال میں 30 مقامات چیک کیے۔ راولپنڈی ڈویژن میں 80، سرگودھا 74 ،ملتان ڈویژن میں 40، بہاولپور 38 اور ڈی جی خان میں 88 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ اسی طرح گجرات ڈویژن میں 42 جبکہ گوجرانوالہ میں 45 مقامات کی چیکنگ ہوئی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ چھٹی کے روز بھی مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی پر کڑی نظر رکھی گئی۔ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں طلب سے زائد سٹاک پرچون اور ہول سیل مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ منڈیوں میں گندم کی ترسیل میں نمایاں اضافہ سے قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ سیاسی مخالفین عوام کو سستی روٹی کی فراہمی کیخلاف پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں۔ کاروباری حلقے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں حکومت کے دست و بازو بنیں۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے آلہ کار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کیخلاف ٹال فری نمبر 080002345 پر شکایت درج کروائیں۔