اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلٹسا نے کہا ہے کہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان تین دہائیوں کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مثالی رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ یہ سال بیلاروس اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات کے لیے خاص ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے یوم آزادی کے موقع پر وہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، ٹیکسٹائل، لائٹ انجینئرنگ ٹریکٹرز، ٹرکوں، چمڑے، کھیلوں اور سرجیکل آلات سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں تجارت کے اس بڑے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کو ٹریکٹر اور ان کے لیے اسپیئر پارٹس، ٹرک، پوٹاش، مصنوعی دھاگے اور مصنوعی ریشے، ٹائر، مشین ٹولز، بچوں کا کھانا (خشک مکس) برآمد کرتا ہےجبکہ پاکستان بیلاروس کو چاول، سبزیاں، پھل اور دیگر غذائی مصنوعات، چمڑے، کپڑوں، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سازوسامان، سرجیکل آلات اور مینی کیور سیٹ برآمد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیلاروس کی قیادت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ پائیدار دوستانہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ستمبر اور اکتوبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم اور آستانہ میں سی آئی سی اے کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔تجارت اور اقتصادی تعاون کے بارے میں بیلاروس پاکستان مشترکہ کمیشن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دوطرفہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے طور پر تجارت اور اقتصادی تعاون پر مشترکہ بیلاروس پاکستان کمیشن کا چھٹا اجلاس جنوری 2023 میں منعقد ہوا تھا اور بیلاروس کے وزیر خارجہ نے مئی 2023 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان کی مختلف وزارتوں اور کمپنیوں کی جانب سے متعدد معاہدوں پر بات چیت کی جارہی ہے جن میں آئندہ تین سالوں میں تجارتی سہولت کے لئے روڈ میپ کا مسودہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر کے دورے کے دوران دستخط کے لئے ان دستاویزات کو تیار کرنے کے لئے مل کر کام کرتے ہیں۔بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس کے سربراہ مملکت کے دورہ پاکستان کی ٹائمنگ، پروگرام اور اقتصادی مواد پر 2 جولائی کو اسلام آباد میں نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر سیاسی مشاورت کے دوران تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی فریق نے آزاد تجارت یا ترجیحی تجارتی معاہدے کی تجویز نہیں دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس طرح کی کوئی تجویز پیش کی جاتی ہے تو اس پر مزید مذاکرات اور دستخط کے لئے غور کیا جائے گا۔