اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ چین کے سرکاری دورہ پر روانہ ہو گئی ہیں۔شزہ فاطمہ ‘گلوبل ڈیجیٹل اکانومی کانفرنس 2024’ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔اتوار کووزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلوبل ڈیجیٹل اکانومی کانفرنس 2 سے 5 جولائی تک چائنہ نیشنل کانوینشن سنٹر، بیجنگ میں منعقد ہو رہی ہے۔وزیر مملکت آئی ٹی کانفرنس میں پاکستانی ٹیک کمپنیوں کے بوتھ کا دورہ کریں گی اور ان کے نمائندوں سے ملاقات کریں گی۔وزیر مملکت شزہ فاطمہ کانفرنس میں منعقد ہونے والے ‘یورو ایشیاء پاکستان ڈیجیٹلاکانومی فورم’ میں بھی شریک ہوں گی۔اس موقع پر وزیر مملکت آئی ٹی پینل ڈسکشن میں شامل ہوں گی۔وزیر مملکت آئی ٹی صدر چائنا اکیڈمی آف انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ،نائب صدر این ایکس پی سیمی کنڈکٹرز، علی بابا گروپ سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔گلوبل ڈیجیٹل اکانومی کانفرنس 2024 کا مقصد ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیئے بین الاقوامی سطح پر تعاون کو وسعت دینا ہے۔