اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں کشمیر کی راولا کوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل آزاد جموں کشمیر سے واقعے کی رپورٹ 48 گھنٹے میں طلب کر لی ہے۔وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری ضروری کارروائی کی جائے۔ وفاقی وزیر نے سکیورٹی میں غفلت اور کوتا ہی کی ذمہ داری کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔اگر ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت مجرموں کو پکڑنے کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔اس سلسلے میں چیف سیکرٹری اور آئی جی وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کو فوری طور پر آگاہ کریں۔