کوئٹہ( رپورٹ:محمد غضنفر )مشیر برائے ترقی نسواں ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ظہرانے میں وزیراعلی سمیت سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، ڈپٹی سپیکر محترمہ غزالہ گولہ، حکومتی و اتحادی جماعتوں کے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی ،اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، سردار بہرام خان بلیدی، میر عطاء اللہ خان بلیدی، میر اسداللہ خان بلیدی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی ترقیاتی بجٹ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے جس میں سیکنڈری ایجوکیشن کے نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے تین سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ صحت اور امن و امان کے لئے بھی غیر معمولی وسائل مختص کئے گئے ہیں ،ہماری بھرپور کوشش ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز سے ہی بلا تاخیر ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شروع کردیا جائے ،دستیاب وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے جس میں کوئی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی ۔وزیر اعلٰی نے کہا کہ بجٹ کی تشکیل اور منظوری کے عمل میں تمام اتحادی جماعتوں کا تعاون حاصل رہا ، صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے مشن پر گامزن ہے اور باہمی مشاورت سے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں ۔ظہرانے کے اختتام پر تقریب کی میزبان مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفرازبگٹی، سپیکر و ڈپٹی سپیکر سمیت تمام وزراء ،اراکین اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر سمیت تمام معزز مہمانوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔