اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )ملک کے نامور مصور اور عظیم خطاط سید صادقین احمد نقوی کا یومِ پیدائش ( کل ) اتوار 30 جون کو منایا جائے گا۔ سید صادقین احمد نقوی 30 جون 1930کو امروہہ کے علم پرور اور فنون میں ممتاز گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا خوش نویس اور ماہر خطاط تھے۔سید صادقین احمد نقوی شاعر بھی تھے اور انہوں نے بھی علم و فنون کا راستہ اپنایا جن کی وجہِ شہرت اسلامی خطاطی ہے۔ انھوں نے اس فن کو نئی جہتوں سے روشناس کیا۔ انہوں نے قرآنی آیات کے علاوہ مشہور اشعار کو بھی اپنے منفرد انداز اور فنی نزاکتوں کے ساتھ کینوس پر اتارا ہے۔ صادقین نے ابتدائی تعلیم امروہہ سے حاصل کرنے کے بعد آگرہ یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ تقسیمِ ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہو گیا اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔ کم عمری ہی سے انہیں منظر کشی پسند تھی ، وہ گھر کی دیواروں پر نقش و نگار بناتے رہے اور پھر اپنے فن میں کمال حاصل کیا۔ 24 سال کی عمر میں سید صادقین احمد نقوی کے فن پاروں کی پہلی نمائش ہوئی۔ فن کی دنیا میں صادقین کی خدمات کے اعتراف میں انھیں قومی سطح پر اعزازات سے نوازا گیا اور دوسری جانب دنیا بھر میں ان کے فن پاروں کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔سید صادقین احمد نقوی کی سالگرہ کے موقع پر سرکاری و نجی اداروں کے زیر انتظام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔