اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں نیلوفر بختیار نے سوشل میڈیا پرلڑکیوں کی تعلیم مخالف ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔قومی کمیشن برائے وقار نسواں(NCSW)کے کوارڈینیٹر کے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرپرسن نیلوفر بختیار نےلڑکیوں کی تعلیم مخالف ویڈیو کے وائرل ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لڑکیوں کی تعلیم مخالف مواد پر سخت ترین کارروائی کی جائے۔نیلوفر بختیار نے کہا کہ سائبر کرائم ایف آئی اے ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔پی ٹی اے لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف مواد تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے فوری ہٹائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے بنیادی حقوق مخالف مواد نشر اور تشہیر کرنے والوں پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔