لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):پنجاب کے مختلف ماڈل بازاروں سے مفت ہوم ڈیلیوری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،وزیر اعلی مریم نواز نے منظوری دیدی ، انہوں نے ماڈل بازاروں سے آن لائن آرڈر کے لیے موبائل ایپ لانچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین اور ممبر قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھرسے ملاقات میں مزید ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں کو گرین پنجاب سولر ماڈل میں منتقل کیا جائے گا۔ملاقات میں ہر ضلع میں ایک سال کے اندر ماڈل بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی نے ماڈل بازاروں میں مقررہ نرخ سے کم پر سبزیوں اور پھلوں کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی اورماڈل بازاروں میں بہترین پھل اور سبزیاں فروخت کیلئے پیش کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے ماڈل بازار وں میں اوزان و پیمائش کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی اور کہاکہ ماڈل بازار عام آدمی کے لئے ہیں، ہر صورت میں اچھی چیز ملنی چاہیے۔چیئر مین افضل کھوکھر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ماڈل بازار پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے مزید کہاکہ لاہور کی ڈویلپمنٹ کیلئے 35ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پوری لگن اور محنت کے ساتھ پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچار ہے ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی محمد افضل کھوکھر نے کہاکہ وزیر اعلی ٰ کی کوششوں سے گورننس میں واضح بہتری نظر آرہی ہے۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال و دیگر بھی موجود تھے۔