اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )۔پاکستان نے امریکہ کے ایوان نمائندگان کی طرف سے منظور کردہ قرارداد پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قراردار پاکستان کی سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل کی نا مکمل تشریح کو ظاہر کرتی ہے اور یہ کہ یہ پاکستان کے داخلی معاملات میں بھی بلاجواز مداخلت ہے۔دفترخارجہ کی ترجمان ممتاززہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور خودمختار برابری پر مبنی ہونے چاہئیں، اس لیے امریکی کانگریس کی جانب سے بلاجواز مداخلت نہ تو خوش آئند ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ قرارداد کا وقت اور سیاق و سباق بھی پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار کے لیے سازگار نہیں ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے ملکی معاملات میں عدم مداخلت کی بنیاد پر استوار کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ امریکی کانگریس دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کی راہوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مزید تعمیری کردار ادا کرے گی۔