اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے مسئلہ فلسطین، کشمیر، اسلامو فوبیا اور سوشل میڈیا پر نبی پاک ۖ کی شان اقدس کے بارے میں گستاخانہ مواد کے حوالے سے او آئی سی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت نے فلسطین کے حوالے سے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کیا ہے، ہمارا موقف اور عزم اس حوالے سے واضح ہے کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں اس حوالے سے ہم نے گیمبیا میں ہونے والے اجلاس میں بڑے دلیرانہ انداز میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ یہ جنگ بند ہونی چاہئے۔ فلسطینیوں کیلئے خوراک کی ترسیل میں رکاوٹیں ختم ہونی چاہئیں، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھی ہم نے او آئی سی کے اجلاس میں اپنی بھرپور آواز بلند کی جس میں ہمارے دوست ممالک نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں ہم نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے بھی بھرپور آواز بلند کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسا گستاخانہ میٹریل ہٹا دینا چاہئے۔ غزہ، اسلامو فوبیا اور کشمیر کے حوالے سے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، ہماری خارجہ پالیسی درست سمت میں ہے، پاکستان دو برس کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا ہے، چین ہمارا بہترین ہمسایہ ملک اور دوست ہے۔