کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ اچھی طرز حکمرانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہےاور خوشحال و فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ، صوبائی حکومت کی ترجیحات میں گڈ گورننس کو کلیدی حیثیت حاصل ہے ، بلوچستان کے مختلف محکموں میں 60 سے زائد اصلاحاتی تجاویز زیر غور ہیں جن پر عمل درآمد سے ڈلیوری کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں غیر سرکاری ادارے کے زیر اہتمام اراکین قانون ساز اسمبلی کی مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ اچھی اور موثر طرز حکمرانی کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ موثر حکمرانی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ،اچھی طرز حکمرانی کے لیے شفافیت، شمولیت، اور عوام کو جوابدہی کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے کردار ادا کرنا ہے جس میں ہر شہری کو مساوی حقوق اور ترقی و خوشحالی کے مساوی مواقع میسر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان قوانین اور پالیسیاں وضع کرکے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں ،اس کے علاوہ پارلیمان وقفہ سوالات اور قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے حکومتی احتساب کرتی ہے اور حکومت کو عوام کا جوابدہ بناتی ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان عوام کی آواز کو اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کا تسلسل و استحکام ملک کی معاشی و سماجی ترقی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام جن مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں ان سے نکلنے کے لئے ہمیں گورننس کو درست کرنا ہوگا ۔ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں محکمہ جاتی اصلاحات اور سروس ڈلیوری کے نظام کی بہتری کیلئے کوشاں ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ان اقدامات کے نتیجے میں درست سمت کا تعین ہوگا اور گڈ گورننس کے نتیجے میں عوامی مسائل بتدریج کم ہوں گے۔